وکٹوریہ: کینیڈا میں ایک بچے کی جانب سے سیٹ بیلٹ باندھنے سے انکار کے باعث مسافر طیارے کی پرواز منسوخ کردی گئی جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار مسافروں کو رات ایئرپورٹ پر گزارنا پڑی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ برٹش کولمبیا کے وکٹوریہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں پورٹر ایئرلائنز کی وکٹوریہ سے ٹورنٹو جانے والی پرواز روانگی کے لیے تیار تھی۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ ٹرمینل سے نکل کر رن وے کی جانب بڑھ رہا تھا کہ عملے کی نظر ایک بچے پر پڑی جو اپنی نشست پر کھڑا تھا اور سیٹ بیلٹ باندھنے سے انکار کر رہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بچے کے والدین اور طیارے کے عملے نے اسے سیٹ پر بٹھانے اور سیٹ بیلٹ باندھنے کے لیے متعدد مرتبہ کوشش کی، تاہم بچہ اپنی ضد پر قائم رہا۔
پورٹر ایئرلائنز کے ترجمان کے مطابق صورتحال پر قابو نہ پانے کے بعد طیارے کو واپس ٹرمینل پر لایا گیا۔ بچے، اس کے والدین اور ان کے سامان کو طیارے سے اتار دیا گیا تاکہ دیگر مسافروں کے لیے پرواز جاری رکھنے کی کوشش کی جا سکے۔
صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ ہوگئی جب پرواز کے منصوبوں اور دیگر ضروری کاغذی کارروائی کو دوبارہ مکمل کرنے میں خاصا وقت لگ گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی مکمل ہوتے ہوتے رات کے ساڑھے 12 بج گئے، جبکہ وکٹوریہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے ہر رات 12 بج کر 30 منٹ پر بند کردیا جاتا ہے۔
رن وے بند ہونے کے باعث طیارہ دوبارہ پرواز نہ کرسکا اور بالآخر پوری پرواز منسوخ کردی گئی۔
اس فیصلے کے نتیجے میں طیارے میں موجود مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی رات گزارنی پڑی، جبکہ ایئرلائن کو پرواز کے نئے انتظامات اور مسافروں کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنا پڑے۔