کھانے میں نمک زیادہ ہوجائے تو ذائقہ کیسے بہتر کریں؟

کچھ سادہ گھریلو طریقوں سے اضافی نمک کے ذائقے کو کم کیا جاسکتا ہے


ویب ڈیسک August 11, 2026

کھانے میں نمک ذائقے کو نمایاں کرنے والا بنیادی جز ہے۔ مصالحوں کی مقدار میں معمولی کمی بیشی شاید برداشت کی جاسکتی ہے، لیکن نمک کم ہو تو کھانا پھیکا محسوس ہوتا ہے اور زیادہ ہوجائے تو پوری ڈش کا ذائقہ متاثر ہوجاتا ہے۔ اسی لیے جلدی میں کھانا پکاتے ہوئے نمک کا ہاتھ تیز ہوجانا ایک عام گھریلو مسئلہ ہے۔

کھانے میں نمک کم ہونے کی صورت میں اسے بڑھانا آسان ہوتا ہے، لیکن جب نمک زیادہ ہوجائے تو اکثر لوگ پوری ڈش ضائع کرنے کا سوچنے لگتے ہیں۔ تاہم کچھ سادہ گھریلو طریقوں سے اضافی نمک کے ذائقے کو کم کیا جاسکتا ہے، جس سے کھانا بھی قابلِ استعمال رہتا ہے اور نمک کی مقدار کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

اگر سالن یا کسی دوسری ڈش میں نمک زیادہ ہوجائے تو ایک کچا آلو لے کر اسے دو حصوں میں کاٹیں اور کھانے میں ڈال دیں۔ تقریباً 10 منٹ بعد آلو نکال لیں۔ اس مقصد کے لیے ابلا ہوا آلو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسے بعد میں نکالنے کی ضرورت محسوس نہ ہو تو سالن میں رہنے بھی دیا جاسکتا ہے۔

نمک کی تیزی کو متوازن کرنے کے لیے فریش کریم بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ سالن یا جس کھانے کا ذائقہ درست کرنا مقصود ہو، اس میں تھوڑی مقدار میں کریم شامل کرنے سے ذائقہ نرم ہوجاتا ہے اور نمک کی شدت کم محسوس ہوتی ہے۔ کریم کھانے کی مجموعی لذت میں بھی اضافہ کرسکتی ہے۔

آٹے کا پیڑا نمک زیادہ ہوجانے کی صورت میں استعمال ہونے والا ایک روایتی اور آزمودہ گھریلو طریقہ ہے۔ چھوٹے سائز کا آٹے کا پیڑا بنا کر سالن میں ڈالیں اور تقریباً 15 منٹ بعد اسے نکال لیں۔ اس طریقے سے سالن میں نمک کی تیزی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اگر کھانے کی نوعیت اجازت دے تو پانی شامل کرکے بھی نمک کی شدت کم کی جاسکتی ہے۔ اسی طرح بعض پکوانوں میں دودھ یا بالائی شامل کرنے سے بھی ذائقہ متوازن کیا جاسکتا ہے۔ دودھ نہ صرف نمک کی تیزی کو کم محسوس کرنے میں مدد دیتا ہے بلکہ بعض کھانوں کے ذائقے میں مزید نرمی اور لذت بھی پیدا کرتا ہے۔

شوربے والے سالن کے علاوہ خشک پکوانوں میں بھی دہی اور پیاز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ گوشت، کڑاہی یا مکس سبزی جیسے کھانوں میں دہی کے ساتھ براؤن پیاز پیس کر شامل کرنے سے اضافی نمک کا ذائقہ متوازن کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

البتہ کھانے میں نمک کی مقدار کو کم رکھنا مجموعی صحت کے لیے زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے۔ اس لیے اگر نمک تیز ہوجانے کا مسئلہ بار بار پیش آتا ہو تو نمک ایک ساتھ زیادہ ڈالنے کے بجائے تھوڑی تھوڑی مقدار میں شامل کرنا زیادہ مناسب ہے۔ یوں ذائقہ بھی بہتر رہے گا اور اضافی نمک کی مقدار سے بچنے میں بھی مدد ملے گی۔