اماراتی نوجوان نے ’بیک ہِیل کِک‘ سے باسکٹ بال کا نیا ریکارڈ بنا دیا

حامد علی الشحی نے 39.37 فٹ کے فاصلے سے باسکٹ بال بیک ہیل کک کے ذریعے باسکٹ میں پہنچائی


ویب ڈیسک August 11, 2026
(تصویر: گینیز ورلڈ ریکارڈز)

متحدہ عرب امارات کے 24 سالہ حامد علی الشحی نے فٹبال کی اپنی غیر معمولی مہارت کو باسکٹ بال میں استعمال کرتے ہوئے نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

حامد علی الشحی نے 39.37 فٹ کے فاصلے سے باسکٹ بال کو بیک ہیل کک کے ذریعے باسکٹ میں پہنچا کر زیادہ فاصلے سے بیک ہیل کک کے ذریعے باسکٹ بال باسکٹ میں ڈالنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

کامیاب کوشش کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ الشحی اپنے پاؤں سے گیند کو اچھالتے ہیں، اسے ہوا میں بلند کرتے ہیں اور پھر ایڑی سے ایسی کک لگاتے ہیں کہ گیند تقریباً 39.37 فٹ دور موجود باسکٹ میں جا گرتی ہے۔

یہ الشحی کا پہلا عالمی ریکارڈ نہیں بلکہ وہ اس سے قبل بھی فٹبال کی مہارت کے ذریعے متعدد گینیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔

ان کے سابقہ ریکارڈز میں ایک منٹ میں گھٹنے سے سب سے زیادہ 215 فٹبال باؤنسز کرنا، گھٹنے سے فٹبال کو مسلسل اچھالتے ہوئے 50 میٹر کا فاصلہ 10.50 سیکنڈ میں طے کرنا اور بیٹھے ہوئے ایک منٹ میں گھٹنے سے فٹبال کو 211 مرتبہ چھونا شامل ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے الشحی نے کہا کہ وہ اپنی فٹبال کی ایک ایسی مہارت کو باضابطہ طور پر ریکارڈ کا حصہ بنانا چاہتے تھے جسے انہوں نے کھیل سے اپنی محبت اور مسلسل محنت کے ذریعے تیار کیا۔