آٹے کی ترسیل بند ہونے پر نان بائیوں کا تندور بند کرنے کا عندیہ

انتظامیہ نے ڈپو بند کردیے جس کی تاحال وجہ نہیں بتائی گئی، مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی نہیں فروخت کرسکتے


اسٹاف رپورٹر August 10, 2026

راولپنڈی میں نان بائی ایسوسی ایشن نے آٹے کی ترسیل بند ہونے پر تندور بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نان بائیوں کے دئیے جانے والے آٹے کی ترسیل معطل کرنے پر مالکان نے تندور بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پچھلے دو ہفتے سے راولپنڈی کے نان بائیوں کو دیے جانے والے آٹے کے ڈپو بند کردیے گئے جبکہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اس کی تاحال کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایسی صورت حال میں نان بائی سستے آٹے سے محروم اور مارکیٹ سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے سرکاری ریٹ پر روٹی فروخت ممکن نہیں ہے۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ راولپنڈی کے 4600 نان بائیوں میں سے محض دو سو نان بائیوں کو سرکاری آٹا مل رہا تھا جو بند کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق سستا سرکاری آٹا باہر فروخت کیا جارہا ہے۔

صدر نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی نے کہا کہ آٹے کی فوری ترسیل ممکن نہ ہوئی تو 14اگست کے بعد شہر بھر کے تندور بند کر دیں گے۔