غزہ پر اختلاف، مگر دوستی برقرار؟ ٹرمپ نے نیتن یاہو سے تعلقات کی حقیقت بتا دی

نیتن یاہو نے اتوار کے روز واضح طور پر امریکی قیادت میں پیش کیے گئے غزہ منصوبے کی مخالفت کی تھی


ویب ڈیسک August 11, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اچھا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کے باوجود باہمی تعلقات متاثر نہیں ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے پیر کے روز اوول آفس میں ایک تقریب کے اختتام پر صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کے ساتھ ان کے تعلقات "بہت اچھے" ہیں۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ایک ہفتے سے غزہ کی صورتحال اور جنگ کے مستقبل سے متعلق ان کے اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان اختلافات نمایاں ہوتے جا رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اتوار کے روز واضح طور پر امریکی قیادت میں پیش کیے گئے غزہ منصوبے کی مخالفت کی تھی۔

مجوزہ منصوبے کے تحت اسرائیل کو غزہ میں اپنی فوجی موجودگی بتدریج کم کرنا تھی، جبکہ اس کے ساتھ حماس کی جانب سے غیر مسلح ہونے کا عمل بھی آگے بڑھایا جانا تھا۔

تاہم نیتن یاہو نے اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے اسرائیل کے سکیورٹی مفادات اور غزہ میں حماس کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اپنے مؤقف کو برقرار رکھا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صدر ٹرمپ کی جانب سے اسرائیلی قیادت کے بعض اقدامات پر تنقید میں بتدریج اضافہ ہوا تھا۔ اس کے باوجود ٹرمپ نے نیتن یاہو کے ساتھ اپنے ذاتی اور سیاسی تعلقات کو مضبوط قرار دیا ہے۔

امریکی صدر کے تازہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ کے مستقبل، اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور حماس کے معاملے پر دونوں حکومتوں کے درمیان پالیسی اختلافات کے باوجود واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان قریبی تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔