سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی اور اہلیہ کو قتل کی دھمکیاں

شکایت میں بتایا گیا کہ گنگولی کے نام سے ایسے خطوط تقریباً چھ ماہ سے موصول ہو رہے تھے


اسپورٹس ڈیسک August 11, 2026

سابق بھارتی کپتان اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر سارو گنگولی نے گزشتہ کئی ماہ سے مبینہ دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کے بعد پولیس سے رابطہ کرلیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ایک خط میں گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی گئی۔

پولیس کے مطابق گنگولی کے دفتر کو پیر کے روز دو مزید خطوط موصول ہوئے جس کے بعد ان کے مینیجر نے جنوبی کولکتہ کے ٹھاکرپکور پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرائی۔

شکایت میں بتایا گیا کہ گنگولی کے نام سے ایسے خطوط تقریباً چھ ماہ سے موصول ہو رہے تھے تاہم ابتدائی طور پر انہیں سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حالیہ خطوط میں گنگولی اور ان کی اہلیہ کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ ان کے قریبی افراد کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور حکام خطوط کے مندرجات، ان کے ترسیلی ذرائع اور کورئیر ریکارڈ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق خطوط ممکنہ طور پر شمالی 24 پرگنہ کے علاقے بیلگھریا سے کورئیر کے ذریعے بھیجے گئے۔

پولیس ایک مشتبہ موبائل نمبر اور سم کارڈ کی نقل و حرکت بھی ٹریس کر رہی ہے تاکہ ملزم تک پہنچا جاسکے۔