سندھ ہائیکورٹ کا ایس ایس پی پر کروڑوں روپے مانگنے کے الزام سے متعلق درخواست پر انکوائری کا حکم

سندھ ہائیکورٹ میں ایس ایس پی زبیر شیخ پر 5 کروڑ روپے مانگنے کے الزام سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی


کورٹ رپورٹر August 12, 2026

سندھ ہائیکورٹ نے ایس ایس پی زبیر شیخ پر کروڑوں روپے مانگنے کے الزام سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ کو انکوائری کا حکم دیدیا۔

ہائیکورٹ میں ایس ایس پی زبیر شیخ پر 5 کروڑ روپے مانگنے کے الزام سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکلا قمبر عباس اور بشری عباس ایڈووکیٹس نے موقف دیا کہ درخواستگزار حمزہ اسپیشل بچہ ہے۔ حمزہ نے زمین سے قبضہ ختم کرانے کے لیئے ملیر کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے قبضہ ختم کرانے کیلئے ناظر مقرر کیا۔ ملزمان نے قبضہ ختم کروانے والی ٹیم پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے عدالتی حکم پرعمل کے بجائے درخواستگزار پر مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس نے حمزہ سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے پیسے نہ ملنے پر اسپیشل بچے پر ہی پتھراؤ الزام عائد کردیا۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو انکوائری کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے الزام بہت سنگین ہے انکوائری کرکے 20 اگست کو رپورٹ پیش کیجائے۔