کراچی:
ملیر سٹی پولیس نے باون شاہ مزار کے قریب جھاڑیوں سے تین بوریوں میں ٹکڑوں میں ملنے والی لاش کے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت سرکاری مدعیت میں درج کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، مقتول کی عمر 27 سے 28 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے۔ ملیر سٹی پولیس واقعے کا مقدمہ ایف آئی ار نمبر 638 سال 26 کے تحت سب انسپکٹر صداقت علی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی حدود میں باون شاہ روڈ نزد مائی ستی مزار روڈ کنارے جھاڑیوں میں 3 عدد بوریوں میں لاش پڑی ہوئی تھی جس کی اطلاع پر میں صداقت علی مع پولیس اہلکاروں محمد ذاکر شہباز اور سعید دباب موقع پر روانہ ہوئے اور ایمبولینس و کرائم سین یونٹ طلب کیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق موقع پر لاش کا معائنہ کیا گیا جو کہ 3 عدد بوریوں میں بند نظر آئی جس کو کھول کر کرائم سین یونٹ نے چیک کیا تو ایک بوری میں کٹا ہوا سر اور ناک بھی کٹی ہوئی ملی۔
دوسری بوری میں دھڑ کمر تک کٹا ہوا اور ہاتھوں کی 10 انگلیاں پوروں تک کٹی ہوئی تھیں جبکہ تیسری بوری میں جسم کا نیچے کا حصہ اور دونوں ٹانگیں اور پیٹ کے دیگر اعضاء بند تھے۔
معائنے کے بعد لاش کو قانونی کارروائی کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا گیا، بذریعہ خط ایم ایل او ڈاکٹر سبور کو برائے کارروائی پوسٹ مارٹم وجہ موت سے آگاہی دی گئی۔ مقتول کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا اور کوائف حاصل کر لیے گئے۔
مقتول کو نامعلوم وجوہات یا رنجش کی بنا پر کسی نامعلوم مقام پر قتل کرکے پھینکا گیا ہے۔ پولیس قانونی کارروائی اور مقدمے کے اندراج کے بعد لاش کی شناخت کی کوشش اور مزید تفتیش کر رہی ہے۔