پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ انہیں اپنے بھارتی مداحوں کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں مقبولیت رکھنے والے گلوکار نے یہ بات دبئی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
عاطف اسلم ان دنوں موسیقی سے متعلق مصروفیات کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہیں، جہاں وہ مختلف پوڈکاسٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو انٹرویوز بھی دے رہے ہیں۔ گلوکار کی سوشل میڈیا پر فالوونگ 1 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ ہے، جبکہ ’عادت‘، ’کچھ اس طرح‘، ’باخدا‘ اور ’دل دیاں گلاں‘ سمیت ان کے متعدد گانے دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔
حال ہی میں عاطف اسلم نے کرس فیڈ کے پوڈکاسٹ ’ون آن ون ود کرس فیڈ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے بھارتی مداحوں سے متعلق گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ وہ ایک نئے میوزک پراجیکٹ ’بارڈر لیس میوزک‘ پر کام کر رہے ہیں، جس میں نوجوان فنکاروں، سینئر گلوکاروں، لیجنڈز، موسیقاروں اور نغمہ نگاروں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکار شامل ہیں۔
بھارتی مداحوں کے نام پیغام میں عاطف اسلم نے کہا کہ پابندی کی وجہ سے انہیں اداس یا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، وہ صرف یہ کہنا چاہتے ہیں کہ انہیں اپنے بھارتی مداحوں کی یاد آتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں بھارت میں کام کرنے کی نہیں بلکہ وہاں موجود اپنے مداحوں کی کمی محسوس ہوتی ہے۔
عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت میں پلے بیک سنگنگ کے تجربے نے انہیں بہت کچھ سکھایا اور اگر یہ پابندی نہ لگتی تو شاید وہ اپنا میوزک خود تیار کرنے کی جانب نہ آتے۔ انہوں نے اپنے بھارتی مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل وقت میں بھی ان کے ساتھ کھڑے رہے، جسے وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
گلوکار نے مداحوں کو یہ بھی عندیہ دیا کہ ’بارڈر لیس میوزک‘ کے تحت آنے والے دنوں میں نئی موسیقی سننے کو ملے گی۔