شہر قائد کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ چیپل گارڈن کے قریب فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کیے۔ بعدازاں لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
ایس ایچ او سچل ولایت شاہ نے بتایا کہ جاں بحق سیکیورٹی گارڈ کی شناخت 25 سالہ رجب علی کے نام سے کی گئی جو کہ نجی بینک میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ خود کو گولی مار کر خودکشی کا معلوم ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موت کی وجہ کا فوری تعین نہیں ہوا اس حوالے سے پولیس مزید چھان بین کرتے ہوئے بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے۔