کراچی:
شہر میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے خونی جان لیوا حادثات کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، لانڈھی یونس چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار کمسن بچی جاں بحق جبکہ نوعمر لڑکا شدید زخمی ہوگیا ، پولیس نے واٹر ٹینکر کو قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ، سپر ہائی وے احسن آباد میں موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم میں شدید زخمی ہونے والا راہگیر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔
ایکسپریس کے مطابق لانڈھی یونس چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کمسن بچی جاں بحق جبکہ نوعمر لڑکا شدید زخمی ہوگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور چھیپا کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر متوفیہ کی لاش اور زخمی نوجوان کو جناح اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 4 سالہ انعم دختر جلیل کے نام سے کی گئی جبکہ شدید 15 سالہ عبدالرزاق کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایس ایچ او قائد آباد گلزار تنیو نے بتایا کہ حادثہ واٹر ٹینکر کی وجہ سے پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے واٹر ٹینکر اور حادثے کا شکار موٹر سائیکل قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دی، متوفی بچی اور زخمی لڑکا اسی علاقے کے رہائشی ہیں۔
دریں اثنا جمعہ کی دوپہر پونے تین بجے کے قریب سپر ہائی وے احسن آباد پیٹرول پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شخص نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ چھیپا حکام کے مطابق حادثہ 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں پیش آیا تھا جس میں راہگیر بھی اس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جو کہ جانبر نہ رہ سکا جبکہ حادثے میں 18 سالہ حسنین نامی نوجوان بھی زخمی ہوا تھا۔
فوری طور پر جاں بحق راہگیر کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 55 سال کے قریب بتائی جاتی ہے، پولیس متوفی کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کرتے ہوئے حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔