کراچی:
نادرا نے 79ویں یومِ آزادی پر کراچی میں نادرا ایگزیکٹو عائشہ منزل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی رکن سندھ اسمبلی سید عادل عسکری کےعلاوہ ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ، ڈائریکٹر جنرل نادرا عامر علی خان اور نادرا کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
نئے مرکز میں شہریوں کی سہولت کے لیے 4 ون ونڈو کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ پاک آئی ڈی اور وراثتی سرٹیفکیٹ کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز مختص کیے گئے ہیں۔ بزرگ شہریوں کے لیے بھی خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
نادرا این آرسی عائشہ منزل کے قیام اور افتتاح سے علاقے کے تقریباً 20 سے 25 لاکھ شہری مستفید ہوں گے انہیں شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات اپنے علاقے میں ہی دستیاب ہوں گی۔
شہریوں کی سہولت کے لیے نادراٹیبلٹ اور سیلف سروس کیوسک مشین بھی نصب کی گئی ہے۔ جن کے ذریعے شہری شناختی دستاویزات سے متعلق بعض خدمات خود بھی حاصل کر سکیں گے۔
نادرا عائشہ منزل ہفتے میں 6 دن، صبح 8:00 بجے سے سہ پہر 3:00 بجے تک شہریوں کو خدمات فراہم کرے گا ، شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیشِ نظر ضرورت پڑنے پر شام کی شفٹ بھی فعال کی جا سکے گی۔