لاہور میں تیز رفتار کار کو خوفناک حادثہ، 5 نوجوان جاں بحق

ہربنس پورہ سے تاج باغ یوٹرن کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چلنے والے افراد پر چڑھ گئی


ویب ڈیسک August 15, 2026

لاہور ہربنس پورہ سے تاج باغ یوٹرن کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، تیز رفتار کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چلنے والے افراد پر چڑھ گئی۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے میں کار سوار 4 افراد اور ایک راہگیر جاں بحق ہوگئے، مجموعی طور پر 5 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں 15 سالہ مزمل، 18 سالہ نعمان، 20 سالہ عبدالرحمن، 17 سالہ فرقان اور 19 سالہ جنید شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس، پولیس اور ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئے۔ سی ٹی او لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سٹی زون سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی۔

ہربنس پورہ کینال بینک حادثے میں جاں بحق دو راہگیروں کی میتیں ان کے گھروں میں پہنچا دی گئیں۔ جاں بحق 15 سالہ مزمل کے والد اصغر نے ایکسپریس سے گفتگو میں بتایا کہ مزمل چار بہنوں سے چھوٹا تھا، اس سے چھوٹا ایک اور بھائی قاسم ہے۔ قاسم حادثے کے وقت مزمل کے ساتھ تھا اور حادثے کے دوران بھاگ کر بمشکل اپنی جان بچائی۔ قاسم نے کسی راہگیر کے فون سے گھر اطلاع دی۔

اہل محلہ کے مطابق جاں بحق عبدالرحمن پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، اس کے والد کافی ضعیف ہیں اور عبدالرحمن ہی گھر کا واحد کفیل تھا۔ عبدالرحمن کے دو چھوٹے بھائی اور دو چھوٹی بہنیں ہیں۔