پاکستان کی تیزی سے پھیلتی ڈیجیٹل دنیا میں کانٹینٹ کریئیٹرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی خدمات کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرنے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
ملک میں پہلی مرتبہ ’پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز‘ (PIA) منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ڈیجیٹل کریئیٹرز کو ایک باقاعدہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو سراہنا ہے۔
پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کی تقریب 7 نومبر کو ہوگی، جس میں 30 سے زائد مختلف کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کریئیٹرز کو اعزازات دیے جائیں گے۔ تقریب کی میزبانی مقبول وی لاگ ’پتن گیر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی امتل باویجا اور فہد طارق کریں گے۔
امتل باویجا نے انسٹاگرام پر اس حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ آٹھ برس سے ڈیجیٹل شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کے مطابق ابتدا میں انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک وقت ایسا بھی آئے گا جب وہ اسی ڈیجیٹل کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے انفلوئنسر ایوارڈز کی میزبانی کریں گی۔
منتظمین کے مطابق ان ایوارڈز کا مقصد صرف کامیاب انفلوئنسرز کو اعزاز دینا نہیں بلکہ پاکستان کی کانٹینٹ کریئیٹر انڈسٹری کو ایک منظم سمت دینا بھی ہے۔ موجودہ دور میں لاکھوں نوجوان سوشل میڈیا کو محض تفریح کا ذریعہ سمجھنے کے بجائے اسے باقاعدہ پیشے اور کیریئر کے طور پر اپنا رہے ہیں، ایسے میں اس شعبے میں صحت مند مقابلے اور معیاری تخلیق کی حوصلہ افزائی ضروری قرار دی جا رہی ہے۔
27 جولائی کو ایک تقریب کے دوران ایوارڈز کے چیف کیوریٹر طلحہ اسلم نے کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ایسا صحت مند اور مسابقتی ماحول تشکیل دینا ہے جس میں پاکستانی کانٹینٹ انڈسٹری عالمی معیار کے مطابق ترقی کرسکے اور اس شعبے کے لیے بنیادی اصول بھی وضع کیے جاسکیں۔
ایوارڈز میں یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کریئیٹرز کو مختلف اعزازات کے لیے زیر غور لایا جائے گا۔ ’کریئیٹر آف دی ایئر‘ اور ’ایمرجنگ کریئیٹر‘ کے علاوہ فیشن، سیاحت، بیوٹی، لائف اسٹائل، فٹنس، گیمنگ، موسیقی، پیرنٹنگ اور انٹرٹینمنٹ سمیت روزمرہ زندگی سے متعلق متعدد شعبوں میں بھی بہترین کریئیٹرز کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔
منتظمین نے امیدواروں کے انتخاب کے لیے ایک مرحلہ وار طریقہ کار بھی ترتیب دیا ہے۔ ہر کیٹیگری میں ابتدائی طور پر 20 امیدوار الگورتھم کی مدد سے شارٹ لسٹ کیے جائیں گے، جن کے نتائج کی مارکیٹ سروے کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔ اس کے بعد معروف کانٹینٹ کریئیٹرز پر مشتمل جیوری ان 20 امیدواروں میں سے 10 کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کرے گی۔
دوسرے مرحلے میں مارکیٹنگ اور اشتہارات کے شعبے سے وابستہ ماہرین پر مشتمل جیوری 10 امیدواروں میں سے پانچ فائنلسٹس کا انتخاب کرے گی۔ تاہم فاتح کے انتخاب کا آخری اختیار جیوری کے پاس نہیں ہوگا، بلکہ عوام اپنے پسندیدہ کریئیٹر کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔ آن لائن پبلک ووٹنگ اکتوبر میں شروع کی جائے گی۔
ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے تناظر میں پاکستان میں کانٹینٹ کریئیٹرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے ایوارڈز نہ صرف نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرسکتے ہیں بلکہ سوشل میڈیا کے مثبت اور تخلیقی استعمال کو بھی فروغ دیں گے۔
پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کو ڈیجیٹل کریئیٹرز کے لیے ایک نئے باب کی حیثیت سے دیکھا جا رہا ہے، جو مقامی ٹیلنٹ کو قومی سطح پر شناخت دینے کے ساتھ دنیا کے سامنے پاکستان کے جدید اور تخلیقی ڈیجیٹل منظرنامے کو بھی اجاگر کرنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔