بنگلا دیش نے ہمیں ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا، پیٹ کمنز کا اعتراف

بنگلا دیش فتح کی مکمل حقدار تھی، انہوں نے ہمیں میچ میں واپس آنے کا زیادہ موقع نہیں دیا، آسٹریلوی کپتان


ویب ڈیسک August 16, 2026

آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے بنگلا دیش کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلا دیشی ٹیم اس میچ میں آسٹریلیا سے کہیں بہتر تھی اور اس نے ہر شعبے میں کینگروز کو آؤٹ کلاس کیا۔

مارارا اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ بنگلا دیش فتح کی مکمل حقدار تھی، وہ اس ہفتے ہماری ٹیم سے بہت بہتر رہی۔

انہوں نے کہا کہ بنگلا دیشی کھلاڑیوں نے انتہائی صبر کا مظاہرہ کیا اور ہمیں میچ میں واپس آنے کا زیادہ موقع نہیں دیا، جبکہ انہوں نے اپنے کیچز بھی مضبوطی سے تھامے۔

پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ٹیسٹ میچ ہارنا خوشگوار تجربہ نہیں ہوتا، تاہم آسٹریلوی ٹیم اپنے معیار کو اس سے کہیں بلند سمجھتی ہے جو اس میچ میں اس کی کارکردگی رہی۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش نے ڈارون میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔