راولپنڈی: ایم ٹو موٹروے پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ایک شخص جاں بحق، 36 زخمی

حکام کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر شدید بارش کے باعث پیش آیا


ویب ڈیسک August 17, 2026

راولپنڈی:

ایم ٹو موٹروے پر کیپیٹل اسمارٹ سٹی کے قریب شدید بارش کے باعث بس سمیت متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 36 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت شمس الرحمان ولد محمد سلیمان کے نام سے ہوئی ہے جو اٹک کا رہائشی تھا۔ حکام کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 36 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 27 کو پمز اسپتال جبکہ 3 کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا۔ کچھ زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارش اور پھسلن حادثے کی ممکنہ وجہ ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے جبکہ موٹروے پولیس نے شہریوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی ہے۔