کراچی میں پولیس مقابلے، 4 زخمیوں سمیت 5 ڈاکو گرفتار، اسلحہ برآمد

گرفتار ڈاکوؤں سے اسلحہ،مسروقہ سامان اور نقد رقم برآمد کرلی گئی، ترجمان پولیس


اسٹاف رپورٹر August 18, 2026

کراچی:

سعید  آباد، نیوکراچی انڈسٹریل ایریا ، نارتھ ناظم آباد اور تیموریہ پولیس نے مقابلوں کے بعد 4 زخمیوں  سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق سعیدآباد پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب بلدیہ مرشد اسپتال خاصخیلی قبرستان کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ۔ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 22 سالہ فدا ولد اکبر کے نام سے کی گئی ، جب کہ پولیس نے دوسرے گرفتار ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی ۔ گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔

اُدھر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے پیر اور منگل کی درمیان شب  سیکٹر6/B  ندی کے کنارے سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 22 سالہ شارق ولد افضل کے نام سے کی گئی ، جس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی ۔

علاوہ ازیں نارتھ ناظم آباد پولیس  نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اصغر علی شاہ گراؤنڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 27 سالہ محمد جنید ولد محمد عثمان کے نام سے کی گئی ، جس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں موبائل فونز اور کیش رقم برآمد کی گئی  ہے۔

تیموریہ پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد بلاک N ڈینٹل کالج کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، جسے زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔

زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 22 سالہ محمد فرمان ولد محمد اشرف کے نام سے کی گئی ، گرفتار ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز اور کیش رقم برآمد کی گئی ۔