سشانت سنگھ کیس کی وجہ سے والد کی ملازمت چلی گئی، ریا چکرورتی کا دردناک انکشاف

ان کے والد بھارتی فوج کے ریٹائرڈ افسر اور آرمڈ فورسز میڈیکل کور میں ڈاکٹر رہ چکے ہیں۔


ویب ڈیسک August 18, 2026

بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد پیدا ہونے والے تنازعات نے صرف ان کے کیریئر کو ہی متاثر نہیں کیا بلکہ ان کے والد اندراجیت چکرورتی بھی اس کی زد میں آئے۔

ریا چکرورتی نے حال ہی میں فلمساز فرح خان کے وی لاگ میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے مشکل دور اور خاندان کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کو شہر کے ایک معروف اسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی اہم پوسٹ پر ملازمت ملی تھی مگر جب اسپتال انتظامیہ کو معلوم ہوا کہ وہ ان کے والد ہیں تو مبینہ طور پر یہ موقع ان سے واپس لے لیا گیا۔

ریا نے بتایا کہ والد بھارتی فوج کے ریٹائرڈ افسر اور آرمڈ فورسز میڈیکل کور میں ڈاکٹر رہ چکے ہیں، انکو پہلے ملازمت دے دی گئی تھی لیکن ان کا خاندانی نام معلوم ہونے پر ان سے کہا گیا کہ ’آپ ریا چکرورتی کے والد ہیں تو معذرت‘۔

واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی 2020 میں موت کے بعد ریا چکرورتی شدید میڈیا اور عوامی توجہ کا مرکز بن گئی تھیں۔ تحقیقات کے دوران ریا اور ان کے بھائی شووک چکرورتی کو منشیات سے متعلق ایک کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار بھی کیا تھا۔

مارچ 2025 میں بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق تحقیقات میں کلوزر رپورٹس جمع کرائیں، جن میں ریا چکرورتی اور ان کے خاندان کے خلاف قتل پر اکسانے یا کسی سازش کے شواہد نہ ملنے کی بات سامنے آئی۔