کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم،2027 سے 2060 تک مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن کی بھی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا۔
اجلاس میں نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم کی منظوری دیدی گئی ہے۔ اجلاس میں نیشنل الیکٹریسٹی پلان میں ٹیرف، بجلی بچت اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق ترامیم، دور دراز علاقوں کو قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ جس کے تحت بجلی کی کراس بارڈر تجارت اور ترسیلی نظام میں توسیع پلان کا حصہ ہوگی۔
نیشنل الیکٹریسٹی پلان میں ترامیم پر کے پی حکومت اور نیپرا سے مزید مشاورت کی ہدایت کی گئی ہے2027 سے 2060 تک مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مربوط توانائی پلان کا مقصد توانائی سیکیورٹی اور معاشی مسابقت یقینی بنانا ہے، صنعتی اور گھریلو صارفین کو مناسب نرخوں پر توانائی کی فراہمی کیلئے حکمت عملی تیار ہوگی۔
کم کاربن اور ماحول دوست توانائی ذرائع کے فروغ پر بھی توجہ ہو گی کابینہ کمیٹی کو پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کی مالی سال 2025-26 کی رپورٹ پیش کی گئی۔ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کی مالی سال 2025-26 کی رپورٹ بھی کابینہ کمیٹی میں پیش کرد ی گئی۔