امریکا میں خطرناک ’ویسٹ نائل وائرس‘ کا پھیلاؤ

رواں سال اب تک 30 ریاستوں میں 180 سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں


ویب ڈیسک August 19, 2026

امریکا میں مچھروں سے پھیلنے والے خطرناک ویسٹ نائل وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں رواں سال اب تک 30 ریاستوں میں 180 سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ کم از کم آٹھ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ایریزونا سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے، جہاں اب تک 73 کیسز سامنے آئے اور پانچ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ریاست کیلیفورنیا میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔ ریاستی اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک 30 افراد میں ویسٹ نائل وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے تین مریض انتقال کرچکے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔

ویسٹ نائل وائرس بعض متاثرہ افراد میں دماغ اور اعصابی نظام کو شدید متاثر کرسکتا ہے۔ کیلیفورنیا کے علاقے ایلک گروو میں ایک 70 سالہ شخص بھی وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسپتال میں داخل ہوا، جہاں اس کے طبی معائنے کے لیے اسپائنل ٹیپ سمیت مختلف اقدامات کیے گئے۔

متاثرہ شخص کے اہل خانہ نے شہریوں کو مچھروں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق مچھر بھگانے والی دوا کا استعمال، جسم کو مناسب لباس سے ڈھانپنا اور مچھروں سے بچنے کی کوشش کرنا ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق ویسٹ نائل وائرس بنیادی طور پر متاثرہ مچھر کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، اس لیے مچھروں کی افزائش روکنے اور کاٹنے سے بچنے کے اقدامات بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔