ترکیہ: پہلوان کی ہزاروں برس قدیم قبر دریافت

قبر کا تعلق پانچویں صدی قبل مسیح کے آخری حصے سے چوتھی صدی قبل مسیح کے درمیان دور سے بتایا گیا ہے


ویب ڈیسک August 19, 2026
(تصویر: وزارتِ تقافت ترکیہ)

ترکیہ کے قدیم شہر ایسپینڈوس میں آثارِ قدیمہ کی کھدائی کے دوران تقریباً 2400 سال پرانی قبر دریافت ہوئی ہے، جس سے قدیم دور کے ایک ممکنہ کھلاڑی یا پہلوان کی زندگی کے بارے میں اہم شواہد سامنے آئے ہیں۔

ترکیہ کی وزارتِ ثقافت و سیاحت کے مطابق آثارِ قدیمہ کے ماہرین نے شہر کے مشرقی قبرستان میں ایک تابوت نما قبر دریافت کی، جس کا تعلق پانچویں صدی قبل مسیح کے آخری حصے سے چوتھی صدی قبل مسیح کے درمیان دور سے بتایا گیا ہے۔

قبر سے چاندی کے متعدد قدیم سِکّے اور دیگر اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ان سِکّوں پر کشتی لڑنے والے پہلوانوں کی تصاویر یا نقوش کندہ ہیں، جس کی بنیاد پر ماہرین کا خیال ہے کہ قبر میں دفن شخص کا تعلق کھیلوں سے ہوسکتا ہے اور ممکنہ طور پر وہ خود بھی ایک پہلوان تھا۔

ترکیہ کے وزیرِ ثقافت و سیاحت کے مطابق دریافت ہونے والی اشیا اس امکان کو تقویت دیتی ہیں کہ یہاں دفن شخص کا تعلق ایسپینڈوس کی کھیلوں کی سرگرمیوں سے تھا۔

ماہرین کے مطابق قبر کو پتھر کی پلیٹوں کو جوڑ کر صندوق نما انداز میں بنایا گیا تھا۔ یہ دریافت نہ صرف قدیم ایسپینڈوس کے تدفینی طریقوں پر روشنی ڈالتی ہے بلکہ خطے میں کھیلوں اور ایتھلیٹس کی سماجی حیثیت کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کرسکتی ہے۔

آثارِ قدیمہ کے ماہرین اب قبر سے ملنے والی دیگر اشیا اور سِکّوں کا مزید جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس پراسرار شخص کی شناخت اور اس کے دورِ زندگی کے بارے میں مزید شواہد حاصل کیے جاسکیں۔