کراچی میں 13 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات

2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ڈاکو 12 سے 13 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے، مزید چھان بین جاری ہے، پولیس


منور خان August 19, 2026

شہر قائد کے علاقے بہادر آباد محمد علی سوسائٹی میں ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازمین سے مسلح ڈاکو لاکھوں روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں ایس ایچ او بہادر آباد قربان علی نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں محمد علی سوسائٹی کے قریب لوٹ مار کی واردات ہوئی تھی،

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ٹراپسپورٹ کمپنی کے ملازمین بتایا کہ وہ طارق روڈ کے قریب قائم نجی بینک سے رقم لیکر مذکورہ مقام تک پہنچے تو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے انھیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ڈاکو سوار تھے جبکہ واردات کے دوران ڈاکو 12 سے 13 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوئے ہیں جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔

پولیس جائے وقوعہ پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کر رہی ہے اور ان کی فوٹیجز کی مدد سے ڈاکوؤں کی شناخت اور واردات سے متعلق مزید معلومات حاصل ہو سکے گی۔