میرا پر تشدد کا الزام لگانے والی ملازمہ اپنے ہی بیان سے مکر گئی

ملازمہ کے مطابق میرا ان کے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہیں اور وہ اب بھی اداکارہ کے گھر کام کر رہی ہیں۔


ویب ڈیسک August 19, 2026

پاکستانی اداکارہ میرا کی گھریلو ملازمہ کے ساتھ مبینہ جھگڑے اور تشدد کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑی تو ملازمہ نے بھی اپنا بیان جاری کر دیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مبینہ طور پر میرا اور ان کی گھریلو ملازمہ کے درمیان پہلے تلخ کلامی ہوتی دکھائی دیتی ہے جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو کر ہاتھا پائی تک پہنچ جاتی ہے۔

ملازمہ کا پہلا بیان؛ میرا نے تشدد کیا

سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد میرا کی گھریلو ملازمہ یاسمین نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ مبینہ تشدد کے باعث ان کے چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئی ہیں۔

ملازمہ نے دعویٰ کیا کہ میرا ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہیں اور ان کو تشدد کرنے پر فوری سزا ملنی چاہیے۔

ملازمہ کے نئے بیان نے معاملہ بدل دیا

معاملے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب یاسمین کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں انہوں نے اپنے پہلے مؤقف سے مختلف بیان دیا۔

یاسمین نے دعویٰ کیا کہ ان کا پہلے سامنے آنے والا بیان مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی مدد سے تیار کیا گیا تھا اور میرا کے خلاف پیش کیے گئے الزامات درست نہیں۔

ملازمہ کا کہنا تھا کہ میرا ان کے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہیں اور وہ اب بھی اداکارہ کے گھر کام کر رہی ہیں۔

تاہم پہلے اور بعد میں سامنے آنے والے متضاد بیانات کے باعث معاملے کی حقیقت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

میرا پہلے بھی تنازعات کا شکار رہی ہیں

اداکارہ میرا اپنے فلمی کیرئر کے ساتھ ساتھ مختلف بیانات اور تنازعات کے باعث بھی خبروں میں نظر آتی رہتی ہیں۔ ماضی میں بھی ان کا نام ایک میک اپ آرٹسٹ کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد کے معاملے میں سامنے آیا تھا۔