شوبز کے کئی مرد ساتھی اداکاروں نے دھوکا دیا، سعدیہ امام کا انکشاف

سعدیہ امام کے مطابق ان کے بعض ساتھیوں کو شکایت تھی کہ وہ ’پارٹی گرل‘ نہیں تھیں


ویب ڈیسک August 19, 2026

پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان سعدیہ امام نے شوبز انڈسٹری میں اپنے ابتدائی دور کے تلخ تجربات کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنے ہی قریبی مرد ساتھی اداکاروں کی جانب سے کئی مرتبہ دھوکے اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

سعدیہ امام نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور شوبز میں بننے والی دوستیوں کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

سعدیہ امام نے بتایا کہ جب انہوں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تو خواتین فنکاروں کی تعداد بہت کم تھی۔ یا تو ان سے بہت سینئر اداکارائیں کام کر رہی تھیں یا پھر جونیئر فنکارائیں، اس لیے ان کے حلقے میں زیادہ تر مرد ساتھی ہی شامل تھے۔

اداکارہ کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ جن لوگوں کو وہ اپنا قریبی دوست سمجھتی تھیں، انہی میں سے بعض نے ان کے کیریئر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ کئی مواقع پر انہیں اپنے ساتھیوں کی ایسی گفتگو سننے کو ملی جس میں پروڈیوسرز یا دیگر افراد سے کہا جاتا تھا کہ سعدیہ امام کو کاسٹ نہ کیا جائے۔

سعدیہ امام کے مطابق ان کے بعض ساتھیوں کو شکایت تھی کہ وہ ’پارٹی گرل‘ نہیں تھیں اور شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ تفریح یا پارٹیوں میں شریک نہیں ہوتی تھیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرون ملک ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران بھی اسی وجہ سے انہیں بعض منصوبوں سے الگ کرنے یا مرکزی کردار کے بجائے سیکنڈ لیڈ دینے کی کوشش کی جاتی تھی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ تھی کہ ایسا کرنے والوں میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو ان کے انتہائی قریب تھے، ان کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے اور ان کے گھر بھی آتے جاتے تھے۔

سعدیہ امام نے بتایا کہ ان کے والد انہیں ہمیشہ سمجھاتے تھے کہ جھوٹے دوست رکھنے سے تنہا رہنا بہتر ہے، تاہم نوجوانی میں انہیں اس نصیحت کی اہمیت کا اندازہ نہیں تھا۔ وقت اور تجربات کے ساتھ انہیں اپنے والد کی بات سمجھ آئی اور انہوں نے زندگی میں پیش آنے والے ان واقعات سے بہت کچھ سیکھا۔