اسلام آباد: غیر اخلاقی مواد تیار کرنے والا ایک اور کال سینٹر پکڑا گیا، مزید 275 غیرملکی گرفتار

تمام ملزمان وزٹ و بزنس ویزا پر پاکستان آئے، 76غیر ملکیوں کو فوری واپس بھیجنے کا فیصلہ، چین اور دیگر ممالک کے شہری شامل


اسٹاف رپورٹر August 19, 2026
جعل سازوں کی کال موصول ہونے پر اسٹیٹ بینک کی ہیلپ لائن 111-727-273 پر کال کریں۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد:

ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے نے ایک اور مشترکہ چھاپے میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے والے 275 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق تمام ملزمان کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین تھری سے گرفتار کیا گیا ہے، غیرملکی ملزمان چین سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، کال سینٹر انتظامیہ غیر اخلاقی مواد کی تیاری میں ملوث پائی گئی، غیر اخلاقی مواد کی تیاری کے لیے غیر ملکی خواتین اور مرد بھرتی کیے گئے تھے۔

ایف آئی اے نے الگ سے چودہ فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا، این سی سی آئی اے کی جانب سے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

حکام کے مطابق تمام غیر ملکی وزٹ اور بزنس ویزا پر پاکستان آئے تھے، 76غیر ملکیوں کو فوری طور پر واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ملزمان کا ایگزٹ پرمٹ تیار کرایا جارہا ہے۔