کراچی:
سپرہائی وے فقیرا گوٹھ بلوچ محلے کے قریب تیزدھار آلے کے وار سے مسجد کا پیش امام جاں بحق ہوگیا، پیش امام پر حملہ کرنے والے شخص پر علاقہ مکینوں نے فائرنگ کردی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے سپرہائی وے فقیرا گوٹھ بلوچ محلے کے قریب جھگڑے کے دوران تیز دھار آلہ کے وار سے ایک شخص جاں بحق اور فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسپتال میں مقتول کی شناخت 22 سالہ قاری حنیف ولد علی حسن اورزخمی کی شناخت 30 سالہ بلال احمد ولد گل زمین کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او سائٹ سپرہائی وے چوہدری نواز کے مطابق مقتول قاری حنیف فاطمۃ الزہرہ مسجد کا پیش امام تھا، مقتول ظہر کی نماز پڑھانے کے لیے مسجد آرہا تھا کہ پیدل آنے والے شخص نے چھری سے حملہ کردیا، پیش امام جان بچا کر بھاگا تو ملزم نے تعاقب کے بعد چھری کے مزید وارکرکے پیش امام کو قتل کردیا۔
اسی دوران علاقہ مکین بھی جمع ہوگئے اور علاقہ مکینوں نے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی اور ناکامی پرحملہ آور پر فائرنگ کردی جس کے باعث حملہ آور 5 گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔
انھوں نے بتایا کہ واقعہ بظاہر ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، زخمی ملزم کا بیان لینے پر مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔