میری کنڈلی میں دوسری شادی لکھی ہے تو سنیتا کو تیار رہنا چاہیے، گووندا کا پرانا بیان وائرل

اسی انٹرویو میں گووندا نے اپنی ساتھی اداکاراؤں جوہی چاولہ اور دیویا بھارتی کو پسند کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔


ویب ڈیسک August 20, 2026

بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان ازدواجی تنازعات کی خبروں کے دوران اداکار کا برسوں پرانا انٹرویو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے جس میں انہوں نے اپنی کنڈلی میں دوسری شادی ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک پرانے انٹرویو میں گووندا نے کہا تھا کہ وہ قسمت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی کنڈلی کے مطابق ان کی زندگی میں دوسری شادی بھی لکھی ہوئی ہے۔

اداکار نے اس وقت یہاں تک کہا تھا کہ مستقبل میں اگر وہ کسی اور خاتون کے ساتھ تعلق میں آئے تو ممکن ہے اس سے شادی بھی کر لیں، اس لیے ان کی اہلیہ سنیتا کو اس امکان کیلئے تیار رہنا چاہیے۔

اسی انٹرویو میں گووندا نے اپنی ساتھی اداکاراؤں جوہی چاولہ اور دیویا بھارتی کے بارے میں بھی کھل کر گفتگو کی تھی اور انہیں پسند کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

گووندا کا یہ پرانا بیان ایسے وقت میں دوبارہ سامنے آیا ہے جب ان کی تقریباً چار دہائیوں پر محیط شادی ایک مرتبہ پھر خبروں میں ہے۔

حالیہ دنوں میں سنیتا آہوجا کی جانب سے شوہر پر غیر ازدواجی تعلقات سے متعلق الزامات سامنے آئے تھے، تاہم گووندا نے ان الزامات کی تردید کی۔ بعد ازاں اداکار کے منیجر ششی سنہا نے بتایا کہ سنیتا نے طلاق کی درخواست باضابطہ طور پر واپس لے لی ہے۔

گووندا اور سنیتا آہوجا نے مارچ 1987 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بچے، بیٹی ٹینا اور بیٹا یش وردھن ہیں۔