بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ صوبے کی بیٹیوں کو آگے لانے کیلیے سرگرم

میری تربیت سےاکیڈمی کی کوئی کھلاڑی قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرے تو یہ سب سے بڑی کامیابی ہوگی، خیرالنساء بلوچ


اسپورٹس ڈیسک August 20, 2026

بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ خیرالنساء صوبے کی بیٹیوں کو کھیل کے میدان میں آگے لانے کیلیے سرگرم عمل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں روایتی و ثقافتی رکاوٹیں توڑتے ہوئے خیرالنساء بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ بن کر ابھری ہیں۔

بلوچستان کی بیٹیوں کے لیے امید کی کرن بن کرخواتین کی کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے خیرالنساء مصروف عمل ہیں۔

خاتون کوچ کی موجودگی سے بلوچستان کی نوجوان کرکٹرز کے اعتماد اور حوصلے کو نئی تقویت مل رہی ہے۔

خاتون کرکٹ کوچ خیرالنساء بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ مجھے بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ ہونے کا اعزاز حاصل ہےجو کہ میرے لیے باعث فخر ہے۔

خیرالنساء بلوچ نے کہا کہ پاک فوج جس طرح خواتین کو کھیلوں کے میدان میں آنے کے مواقع اور حوصلہ فراہم کر رہی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد بلوچستان کی باصلاحیت بیٹیوں کو قومی اورعالمی کرکٹ کے میدان تک پہنچانا ہے۔ بلوچستان کی بیٹیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، صرف مواقع کی ضرورت ہے۔

خیرالنساء بلوچ نے کہا کہ اگر میری تربیت سےاکیڈمی کی کوئی کھلاڑی قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرے تو یہ میری سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔

کرکٹ اکیڈمی کی کھلاڑیوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہماری کوچ بہت اچھے طریقے سے ہماری تربیت کرتی ہیں اورہر کھلاڑی کی صلاحیتوں پرخصوصی توجہ دیتی ہیں۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کوچ خیرالنساءکی نگرانی میں ہمیں کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کے بہترین مواقع ملتے ہیں۔

بلوچستان کی بیٹی خیرالنساء نے ثابت کیا ہے کہ عزم، محنت اور جستجو سے کوئی بھی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔