انمول پنکی منشیات کیس میں بذریعہ ویڈیو لنک حاضر، شریک ملزمان کی گرفتاری کا حکم

عدالت نے شریک ملزمان انمول پنکی کے بھائی اور خاتون نسیم بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے


کورٹ رپورٹر August 20, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

منشیات کے کیس میں ملزمہ انمول پنکی بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش ہوئی جب کہ عدالت نے شریک ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

انسداد منشیات عدالت میں کوکین کوئن انمول عرف پنکی اور دیگر کے خلاف منشیات کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام کی جانب سے ملزمہ انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ بھائی محمد ناصر اور شریک ملزمہ نسیم بی بی کی عدم حاضری پر عدالت برہم ہوگئی۔

عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے بھائی محمد ناصر اور شریک ملزمہ نسیم بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر محمد ناصر اور نسیم بی بی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان بھی طلب کرلیا، جبکہ کیس کی مزید سماعت اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

پراسیکیوشن کے مطابق کیس میں انمول عرف پنکی، اس کا بھائی محمد ناصر اور نسیم بی بی نامزد ہیں۔ ملزمان پر منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف 2019 میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے مقدمہ درج کیا تھا۔