مصروف زندگی میں اکثر مرد جلد اور داڑھی کی دیکھ بھال کو نظر انداز کر دیتے ہیں، مگر اس کیلئے ضروری نہیں کہ آپ روزانہ درجنوں مصنوعات استعمال کریں یا گھنٹوں آئینے کے سامنے گزاریں۔
چند بنیادی عادات کو روزمرہ معمول کا حصہ بنا کر صرف 5 منٹ میں داڑھی کو صاف، نرم اور بہتر انداز میں سنوارا جا سکتا ہے۔
ایک منٹ صفائی کیلئے
داڑھی میں دن بھر پسینہ، گرد و غبار، تیل اور کھانے کے باریک ذرات جمع ہو سکتے ہیں، اس لیے اسے روزانہ پانی سے اچھی طرح دھونا مفید ہے۔
داڑھی اور چہرے کیلئے سخت صابن کے بجائے نرم کلینزر یا فیس اینڈ بیئرڈ واش استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اسے انگلیوں کی مدد سے بالوں کے نیچے جلد تک پہنچائیں، نیم گرم پانی سے دھوئیں اور تولیے سے نرمی سے خشک کر لیں۔
داڑھی کے نیچے کی جلد کو موسچرائز کریں:
گھنی داڑھی کا مطلب یہ نہیں کہ نیچے موجود جلد کو موئسچرائزر کی ضرورت نہیں۔ خشک جلد سے خارش اور ’بیئرڈ ڈینڈرف‘ پیدا ہو سکتا ہے، اس لیے ہلکا اور نان گریسی موئسچرائزر انگلیوں سے داڑھی کے اندر جلد تک لگائیں۔ اسے پیشانی، ناک، گالوں اور گردن پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نرم داڑھی کیلئے ایک منٹ
خشک داڑھی کے بال سخت، بے ترتیب اور ٹوٹنے کا شکار ہو سکتے ہیں۔ چند قطرے بیئرڈ آئل یا تھوڑی مقدار میں بیئرڈ بالم ہتھیلیوں پر پھیلا کر بالوں کی جڑوں سے سروں تک لگائیں۔ اس کے بعد کنگھی یا بیئرڈ برش سے بالوں کو ترتیب دیں تاکہ پروڈکٹ پوری داڑھی میں یکساں طور پر پھیل جائے۔
آخری منٹ میں داڑھی کو دیں صاف ستھرا لُک
آخر میں باہر نکلے ہوئے غیر ضروری بالوں کو قینچی یا ٹریمر سے درست کریں اور ضرورت ہو تو گالوں اور گردن کے کناروں کو صاف شکل دیں۔
اگر داڑھی کو زیادہ دیر اپنی جگہ برقرار رکھنا ہو تو تھوڑی مقدار میں بیئرڈ بالم استعمال کر کے اسے کنگھی سے مطلوبہ انداز دیا جا سکتا ہے۔
ہفتے میں ایک یا دو بار ڈیڈ سکن صاف کریں
داڑھی کے نیچے جمع ہونے والے مردہ خلیات بعض اوقات خشکی، خارش اور اِن گرون ہیئرز کا باعث بن سکتے ہیں۔ ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ ہلکے ہاتھ سے ایکسفولی ایشن اس مسئلے کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ خاص طور پر ٹھوڑی اور جبڑے کے ان حصوں پر توجہ دیں جہاں دانے یا اِن گرون ہیئرز زیادہ بنتے ہوں۔
یوں صفائی، جلد کی نمی، داڑھی کی نرمی اور معمولی سی اسٹائلنگ پر مشتمل چند منٹ کا روٹین روزانہ کی مصروف زندگی میں بھی داڑھی کو بہتر انداز میں مینٹین رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔