پی ایچ ایف کا پاکستان ہاکی لیگ شروع کرنے کا اعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہاکی میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے


ویب ڈیسک August 20, 2026

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی لیگ  اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ایچ ایف کے مطابق لیگ کے انعقاد کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے اور اسے پاکستانی ہاکی کے لیے ایک اہم ٹورنامنٹ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہاکی میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، ان شاء اللہ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان ہاکی لیگ ایکشن میں ہوگی۔

فیڈریشن کے مطابق لیگ ملک میں ہاکی کی بہتری کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے جس میں گراس روٹ لیول پر کھیل کا فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت، پروفیشنل کوچنگ، بہتر ڈھانچے کی تشکیل اور کھلاڑیوں کو زیادہ بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا شامل ہے۔

پاکستان ہاکی لیگ کے منصوبے پر پی ایچ ایف 2016 سے کام کر رہی تھی تاہم اجازت ناموں، شیڈول اور مالی مشکلات سمیت مختلف مسائل کے باعث سابقہ منصوبے عملی شکل اختیار نہ کرسکے۔

2022 میں بھی لیگ کے منصوبے نے دوبارہ زور پکڑا تھا اور اس وقت ستمبر میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ لاہور میں لیگ کا دفتر قائم کرنے اور سابق پی ایس ایل پراجیکٹ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ کو مشیر مقرر کرنے کی بھی اطلاعات تھیں، تاہم لیگ منعقد نہ ہوسکی۔

اب پی ایچ ایف نے ایک بار پھر منصوبہ بحال کرتے ہوئے 2027 کی پہلی سہ ماہی کو پاکستان ہاکی لیگ کے آغاز کے لیے ہدف مقرر کیا ہے۔