اسلام آباد:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، انہوں نے کہا کہ سیاست کے اسٹینڈرڈ گٹر میں ڈال دیے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی ہمشیرہ ان سے ملاقات کرچکی ہیں اور وہ بتا سکتی ہیں کہ ان کی صحت کیسی ہے۔ عمران خان کی آنکھ کا مسئلہ آہستہ آہستہ ٹھیک ہوچکا ہے، جبکہ بلڈ پریشر کی تھوڑی بہت شکایت ہے جس کی دوا دی جارہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے کو مسئلہ بنانا دراصل اسے سیاست زدہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلفاً کہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی مسئلہ نہیں اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔ صحت سے متعلق تمام تفصیلات پبلک میں آ جائیں گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ڈاکٹر کی رپورٹ آپ بھی دیکھ لیں گے اور ہم بھی دیکھ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ جیل میں تھے تو ہرنیا کے آپریشن کا کہا گیا، جس پر خان نے ویڈیو مانگی کہ واقعی آپریشن ہورہا ہے یا نہیں، وہ ویڈیو آج تک میرے پاس موجود ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ میاں نواز شریف کی 2 ماہ پہلے 2 سرجریز ہوچکی ہیں لیکن آج بھی پلیٹ لیٹس کی بات کی جاتی ہے۔ پلیٹ لیٹس پر مذاق اڑایا جاتا تھا، جبکہ عمران خان کی ایک نہیں بلکہ سیکڑوں ویڈیوز ہیں جن میں وہ مذاق اڑاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں جاکر جلسوں میں بھی مذاق اڑایا گیا، انہیں احساس نہیں تھا کہ بیماری جینوئن ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری پوری قیادت قید تھی اور ہم اس ہاؤس میں آتے تھے، لیکن ہم نے کبھی نہیں کہا کہ مریم نواز، نواز شریف یا دیگر قید ہیں، ہم یہ کردیں گے، وہ کردیں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آپ اقتدار میں ہوتے تھے تو آپ نے کیا کیا تھا، اس طرح مسائل حل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو اسٹیک پر نہ لگائیں۔ اگر اجازت دی جائے تو وہ اپنی پوری ویڈیوز یہاں لگا سکتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے متعلق، کلثوم نواز، مریم نواز اور حمزہ شہباز کے متعلق وہ ویڈیوز یہاں چلا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اجازت دی جائے تو ساری ویڈیو ڈسپلے کرسکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جب اس قسم کے رویے ہوں تو تھوڑا سا برداشت کرلینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے سیاست کے اسٹینڈرڈ گٹر میں ڈال دیے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے حکم دیا ہے اس لیے بیٹھ جاتا ہوں۔