پاسپورٹ آفس ہربنس پورہ پر ایف آئی اے کا چھاپہ، سپریٹنڈنٹ سمیت 4 ملزمان گرفتار

ملزمان سادہ لوح شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے تھے


ویب ڈیسک August 21, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

پاسپورٹ آفس ہربنس پورہ میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے پاسپورٹ آفس کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفار سمیت 4 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں سابق کنٹریکٹ ملازم انصار، سیکیورٹی گارڈ زبیر اشفاق اور ایجنٹ مبشر محمود بھی شامل ہیں، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیرقانونی طریقے سے پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے تھے۔

 ایف آئی اے حکام کے مطابق پاسپورٹ آفس کے اندر اور باہر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پاسپورٹ فراڈ میں ملوث دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے چند روز قبل پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاون لاہور میں بھی اچانک چھاپہ مارا تھا، انہوں نے ایجنٹ مافیا کیساتھ ساز باز پر ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت دیگر کو عہدے سے ہٹانے اور معطلی کے احکامات جاری کیے تھے۔