یمن اور صومالیہ کے قریب قزاقوں نے 2 جہازوں پر قبضہ کرلیا؛ 22 بھارتی اغوا

پہلا جہاز 17 اگست اور دوسرا گزشتہ روز ہائی جیک کیا گیا


ویب ڈیسک August 21, 2026
صومالیہ اور یمن میں بحری قزاقوں نے دو جہازوں کو اغوا کرلیا

یمن اور صومالیہ کے قریب مسلح قزاقوں نے دو تجارتی جہازوں کو الگ الگ کارروائیوں میں اغوا کرلیا دونوں جہازوں پر مجموعی طور پر 22 بھارتی ملاح سوار ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزارتِ جہاز رانی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پہلا واقعہ 17 اگست کو صومالیہ کے علاقے پونٹ لینڈ کے ساحل کے قریب پیش آیا تھا۔

جہاں کیمرون کے پرچم بردار تجارتی جہاز ایم وی لُطف کو مسلح قزاقوں نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس جہاز پر عملے کے 10 افراد میں سے 6 بھارتی شہری ہیں۔

گزشتہ روز بھی بحری قزاق یمن کے خلیجِ عدن میں اریٹیریا کے پرچم بردار آئل ٹینکر پر قبضہ کرکے صومالیہ لے گئے۔ اس جہاز پر بھی 20 میں سے 16 ملاح بھارتی ہیں۔

اس طرح مجموعی طور پر دو تجارتی جہازوں کے 22 بھارتی ملاح اس وقت بحری قزاقوں کی تحویل میں ہیں۔ جن کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔

امریکا ایران جنگ میں بھارتی ملاحوں کو کتنا نقصان ہوا؟

بھارتی حکومتی ذرائع کے مطابق جولائی کے وسط تک کم از کم 13 بھارتی شہری ہلاک اور 3 لاپتا ہیں جن کا اب تک کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے۔

امریکی حملوں میں ہلاکتیں

جون کے پہلے ہفتے میں آبنائے ہرمز اور خلیج عمان کے قریب امریکی فوجی کارروائیوں میں بھارتی ملاح بھی نشانہ بنے تھے۔

سب سے سنگین واقعے میں پالاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکر ایم ٹی سیٹے بیلو پر امریکی حملے میں 24 بھارتی ملاحوں میں سے 3 ہلاک ہوگئے جبکہ 21 کو بچالیا گیا تھا۔

امریکا نے جہاز کو مبینہ طور پر ایرانی تیل کی نقل و حمل اور اپنی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی سے جوڑا تھا جبکہ بھارت نے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا۔

اس عرصے میں کم از کم تین ایسے تجارتی جہاز امریکی کارروائیوں کی زد میں آئے جن پر بھارتی عملے کے ارکان موجود تھے۔

ایرانی حملوں میں بھی بھارتی ملاح ہلاک اور زخمی

14 جولائی کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے متحدہ عرب امارات سے متعلق دو آئل ٹینکروں ایم ٹی البہیۃ اور ایم ٹی ممباسا پر حملوں میں مجموعی طور پر 30 بھارتی ملاح سوار تھے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایم ٹی البہیۃ پر موجود 12 بھارتیوں میں سے ایک ہلاک اور ایک زخمی جبکہ ایم ٹی ممباسا پر موجود 18 بھارتیوں میں سے 9 زخمی ہوئے تھے جن میں 2 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

ایک اور جہاز پر حملہ، 10 بھارتی بچ گئے، ایک لاپتا

جولائی میں ہی عمان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز پر حملے کے بعد اس پر موجود 11 بھارتی شہریوں میں سے 10 کو بچالیا گیا جبکہ ایک بھارتی ملاح لاپتا ہوگیا تھا بعد ازاں اس کے ہلاک ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔

حالیہ واقعات بحری قزاقی کے ہیں 

دو اغوا شدہ جہازوں کا معاملہ اس سے مختلف ہے کیونکہ یہ واقعات جنگی فریقوں کی فوجی کارروائی نہیں بلکہ صومالیہ اور یمن کے قریب مسلح بحری قزاقوں کی کارروائیاں ہیں۔

دونوں جہازوں پر موجود 22 بھارتی ملاحوں کی سلامتی کے حوالے سے بھارتی حکام نے ابتدائی طور پر اطمینان دلایا تاہم ان کی رہائی اور جہازوں کی بازیابی کے لیے جاری کوششوں کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔