بیلجیئم میں بادشاہ کے بھائی نے ایک سابق کار سیلز مین کو بیٹا تسلیم کر کے شاہی خاندان میں ایک شہزادے کا اضافہ کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق 26 سالہ کلیمنٹ وانڈن کرک ہووے کو رواں سال فروری میں ایک مختصر اور غیر رسمی تقریب کے دوران باضابطہ طور پر شاہی خاندان میں شامل کیا گیا۔ یہ قانونی کارروائی ان کے لیے شہزادے کا لقب حاصل کرنے کے لیے ضروری تھی۔ تاہم، تقریب کی تفصیلات بدھ کو منظر عام پر آئیں۔
شہزادہ لارینٹ نے گزشتہ سال عوامی طور پر کلیمنٹ کو اپنا بیٹا تسلیم کیا تھا۔ کلیمنٹ کی پیدائش لارینٹ اور سابق فلیمش ماڈل و گلوکارہ آئرس وانڈن کرک ہووے کے سات سالہ تعلق کے دوران ہوئی تھی۔
شہزادہ کلیمنٹ کو اب شاہی لقب اور اپنے والد کی جائیداد میں وراثتی حق حاصل ہوگا۔ تاہم، وہ بیلجیئم کے تخت کے جانشینی کے سلسلے میں شامل نہیں ہوں گے اور انہیں شاہی وظیفہ بھی نہیں ملے گا۔
بیلجیئم کے روزنامہ ’نیوس بلاد‘ سے گفتگو میں کلیمنٹ نے کہا کہ وہ ابھی فیصلہ نہیں کر سکے کہ آیا وہ شاہی خاندان کا نام ’وان ساکسن کوبرگ‘ اختیار کریں گے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے نام ’وانڈن کرک ہووے‘ پر فخر ہے اور اسے ترک کرنا ان کی والدہ کی جانب سے ان کے لیے کی گئی تمام قربانیوں سے غداری کے مترادف ہوگا۔