سندھ کابینہ کا میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو خط ارسال، کمیشن قیام کے 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ، نتائج اور سفارشات سندھ حکومت کو پیش کریگا


اسٹاف رپورٹر August 23, 2026

کراچی:

سندھ کابینہ نے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے مرحوم میر رضا علی خان کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے مرحوم میر رضا علی خان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے، میر رضا علی خان کیس سے متعلق اہلِ خانہ کے خدشات کو سندھ حکومت نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے، اہلِ خانہ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردہ خط حکومت کو موصول ہوا۔

ترجمان کے مطابق جوڈیشل کمیشن میر رضا علی خان قتل کیس کی غیرجانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کرے گا، جوڈیشل کمیشن تحقیقات میں کسی بھی خامی، اہم پہلو یا مزید تفتیش طلب شواہد کا جائزہ لے گا، کمیشن پولیس، میڈیکو لیگل افسران اور دیگر متعلقہ حکام کے کردار کا بھی جائزہ لے گا، غفلت، فرائض سے کوتاہی، پیشہ ورانہ بدعنوانی یا شواہد میں ردوبدل ثابت ہونے پر کارروائی کی سفارش کی جا سکے گی۔

ترجمان کے مطابق جوڈیشل کمیشن کو مزید تحقیقات اور فرانزک تجزیے کی سفارش کا اختیار حاصل ہوگا، جوڈیشل کمیشن کو سندھ ٹربیونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969ء کے تحت سول کورٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے، کمیشن گواہوں کو طلب، حلف پر بیانات قلمبند اور دستاویزات اور  ریکارڈ طلب کر سکے گا، وزیراعلیٰ نے تمام سرکاری محکموں، اداروں اور افسران کو کمیشن سے مکمل تعاون کی ہدایت کردی ہے، محکمہ داخلہ جوڈیشل کمیشن کو ضروری سیکریٹریٹ معاونت فراہم کرے گا۔

ترجمان کے مطابق جوڈیشل کمیشن قیام کے 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ، نتائج اور سفارشات سندھ حکومت کو پیش کرے گا، ضرورت پڑنے پر مکمل اور منصفانہ تحقیقات کے لیے کمیشن کی مدت میں توسیع کی جا سکے گی، کمیشن تحقیقات کے طریقۂ کار اور متعلقہ حکام کے کردار کا مکمل جائزہ لے گا ، جوڈیشل کمیشن کو قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی سفارش کرنے کا مکمل اختیار ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت مرحوم میر رضا علی خان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، شفاف جوڈیشل انکوائری سے اہلِ خانہ کے جائز خدشات کا ازالہ اور قانون کی حکمرانی پر اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔