مصطفی کمال کا صوبائی محکمے پر خود قابض ہوکر ’ڈیولوشن‘ کا نعرہ مذاق ہے، ترجمان سندھ حکومت

سندھ کو نظر انداز کرکے پنجاب کے منصوبے پر کام شروع کرنا وفاق کی ترجیحات اور دہرے معیار پر سوال ہے، سعدیہ جاوید


ویب ڈیسک August 22, 2026

کراچی:

ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ مصطفی کمال کا صوبائی محکمے پر خود قابض ہوکر ’ڈہولوشن‘ کا نعرہ لگانا مذاق ہے۔

مصطفیٰ کمال کے ’ڈیولوشن کے نعرے‘ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے  کہا ہے کہ وہ خود ایسی وزارت میں بیٹھے ہیں جو بنیادی طور پر صوبائی معاملہ ہے، لہٰذا ڈیولوشن کا نعرہ لگانے والے پہلے اپنی وزارت کو دیکھیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ صوبائی محکمے پر قابض ہو کر ڈیولوشن کی باتیں کرنا مذاق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصطفیٰ کمال کا ڈیولوشن کا نعرہ کھلے تضاد کا شکار ہے، جبکہ وفاق پہلے سندھ کے ساتھ اپنے رویے اور وعدوں کا حساب دے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے برسوں سے التوا کا شکار ہے، مگر وفاق کی ترجیحات میں سندھ آج بھی نظرانداز ہے۔ دوسری جانب اس منصوبے کو مکمل کیے بغیر سیالکوٹ لاہور کے لیے نئی موٹروے کی فنڈنگ کی جارہی ہے۔

سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے مکمل کیے بغیر سیالکوٹ لاہور کے لیے نئی موٹروے کی فنڈنگ وفاق کی ترجیحات اور دہرے معیار پر سنگین سوال اٹھاتی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کراچی کی بندرگاہوں سے حیدرآباد اور سکھر تک اہم زمینی رابطے کی بدحالی عوام، مسافروں اور کاروبار کے لیے مسلسل مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

سعدیہ جاوید کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف ڈیولوشن کے نعرے لگائے جارہے ہیں، جبکہ دوسری طرف سندھ کے دیرینہ انفرااسٹرکچر منصوبوں کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے۔ وفاق کا یہ رویہ صوبے میں احساس محرومی کو مزید بڑھا رہا ہے۔