کراچی میں ڈکیتوں کی فائرنگ سے ماں، باپ اور 6 ماہ کی شیر خوار بچی زخمی

واقعہ نیو کراچی میں پیش آیا، مرد اور خاتون کی حالت تشویشناک ہے، ریسکیو


منور خان August 22, 2026

شہر قائد کے علاقے نیوکراچی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے ماں، باپ اور بیٹی شدید زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیو کراچی تھانہ بلال کالونی کی حدود میں واقعہ سماما شاپنگ سینٹر کے قریب فائرنگ ماں، باپ و بیٹی شدید زخمی زخمی ہوگئے۔

شدید زخمی ہونے والوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی ہسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت شہزادہ، سیما اور چھ ماہ کی بچی قرۃ العین کے ناموں سے ہوئی۔

شدید زخمی ہونے والے میاں بیوی و بچی کو عباسی اسپتال سے چھیپا ایمبولینسز کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ڈکیت لوٹ مار کررہے تھے جس پر اہلکار وہاں پہنچے تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کی زد میں میاں، بیوی اور بچی آئے تاہم ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران پیش آیا، ڈاکوؤں نے مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی 3 دکانوں کو لوٹا اور فرار ہوتے وقت فائرنگ کردی۔