ٹک ٹاک اور اس کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس نے امریکا میں بچوں کی آن لائن رازداری سے متعلق مقدمہ ختم کرنے کے لیے امریکی محکمۂ انصاف کے ساتھ 40 کروڑ ڈالر کا قانونی تصفیہ کرلیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف نے اگست 2024 میں ٹک ٹاک، بائٹ ڈانس اور اس سے منسلک اداروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ٹک ٹاک نے 13 سال سے کم عمر بچوں کی ذاتی معلومات والدین کی اجازت کے بغیر نہ صرف جمع کیں بلکہ اس کا استعمال بھی کیا۔
امریکی محکمہ انصاف نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا تھا کہ ٹک ٹاک نے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا۔
خیال رہے کہ امریکی قانون چلڈرنز آن لائن پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ کے تحت بچوں سے متعلق ذاتی معلومات جمع کرنے کے لیے والدین کو اطلاع دینا اور ان کی رضامندی حاصل کرنا ضروری ہے۔
جس پر ٹک ٹاک تصفیے کے راضی ہوگیا اور اب اُسے 30 کروڑ ڈالر فوری طور پر ادا کرنا ہوں گے جبکہ مزید 10 کروڑ ڈالر کی رقم اس وقت ادا کیے جائیں گے جب عدالت ٹک ٹاک کی سابقہ کمپنی میوزکلی سے متعلق ایک پرانے رضامندی کے عدالتی حکم کو ختم کرنے کا حکم دے گی۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ 2019 کے ایک مقدمے سے بھی جڑا ہے اس وقت ٹک ٹاک کے پیشرو پلیٹ فارم میوزکلی کے خلاف بچوں کی رازداری کے قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوئی تھی اور کمپنی پر 57 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔