کورنگی پولیس کا نالہ پٹی تنظیم فلور ملز کورنگی نمبر ساڑھے تین کے قریب اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
ضلع کورنگی پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار مشکوک ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ملزمان زخمی ہوگئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت کاشف خان ولد الف خان اور سعید اکبر ولد محمد اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول، راؤنڈ، 2 موبائل فون، 2500 روپے نقدی اور ایک چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق برآمد موٹر سائیکل رجسٹریشن نمبر 6753-KFN سی پی ایل سی سے چیک کرنے پر تھانہ عوامی کالونی کے مقدمہ نمبر 652/2026 میں چوری شدہ نکلی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کاشف خان کے خلاف تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں دو مقدمات جبکہ ملزم سعید اکبر کے خلاف ایک مقدمہ درج ہونے کا سابقہ ریکارڈ موجود ہے۔