یوتھ اولمپکس ہاکی میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش

دونوں ممالک کل پانچویں پوزیشن پانے کے لیے میدان میں اتریں گے، آسٹریلیا اور کینیڈا نے فائنل میں رسائی کی صورت تمغوں۔۔۔


Sports Desk August 26, 2014
ویمنز فٹبال میں پاپوا نیوگنی نے نمیبیا کو 3-2 سے مات دیدی، مینز ایونٹ میں ہونڈراس کی فتح، مینز 800 میٹر ریس میں امریکا کے مائلز مارشل کا گولڈ میڈل۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم بدھ کو پانچویں پوزیشن کیلیے نیوزی لینڈ کے مقابل آئے گی، پیر کو منعقدہ کلاسیفیکشن میچز میں گرین شرٹس نے زیمبیا کو 5-2 سے ٹھکانے لگادیا۔

کیویز نے میکسیکو پر 9-2 سے غلبہ حاصل کرلیا، آسٹریلیا اور کینیڈا نے سیمی فائنلز جیت کر میڈلز کا حصول یقینی بنالیا، فائنل فور مرحلے میں ناکام رہنے والے ممالک اسپین اور جنوبی افریقہ برانز میڈل کیلیے صف آرا ہوں گے، ویمنز فٹبال میں پاپوا نیوگنی نے نمیبیا کو 3-2 سے مات دے دی، مینز ایونٹ میں ہونڈراس کو کامیابی ملی، مینز 800 میٹر ریس میں امریکا کے مائلز مارشل نے گولڈ میڈل حاصل کرلیا، ہینڈبال ویمنز میں کوریا نے سونے اور روس نے چاندی کے تمغے جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے یوتھ اولمپکس کے مینز ہاکی ایونٹ میں میڈلز کی دوڑ سے باہر ہونے والی پاکستانی ٹیم بدھ کو پانچویں پوزیشن کیلیے نیوزی لینڈ کے مقابل آئے گی، گرین شرٹس نے پیر کو منعقدہ کلاسیفیکشن میچ میں افریقی حریف زیمبیا کو 5-2 سے قابو کرلیا، قومی ٹیم کیلیے ملک نوہیز زاہد ، مبشرعلی، محمد اظفر یعقوب، شان ارشاد اور محمد بلال محمود نے ایک ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، زیمبیا کیلیے لومب بوائل اور بلیسنگ لولی نے گول اسکور کیے۔

دوسرے کلاسیفکیشن میچ میں نیوزی لینڈ نے میکسکو کو 9-2 سے تختہ مشق بنالیا، جرمنی نے بنگلہ دیش کو 5-4 سے مات دیکر نویں پوزیشن حاصل کرلی، بنگلہ ٹیم کو ایونٹ کی آخری 10ویں پوزیشن ملی، سیمی فائنلز میں کینیڈا نے دلچسپ مقابلے کے بعد اسپین کو6-5 سے شکست دے دی، فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ پر 4-3 سے غلبہ حاصل کیا، بدھ کو طلائی تمغے کیلیے آسٹریلیا اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی جبکہ برانز میڈل کیلیے اسپین اور جنوبی افریقہ قسمت آزمائیں گے۔

فٹبال کے ویمنز کلاسیفیکشن میچز میں پاپوا نیوگنی نے نمیبیا کو 3-2 سے مات دی جبکہ مینز ایونٹ میں ہونڈراس نے وناتو کو 4-0 سے ہرادیا۔ پیر کو ہونے والے میڈلزمقابلوں میں نشانے بازی کے ویمنز ری کرو انفرادی ایونٹ میں چین کی جیامن لی نے طلائی تمغہ جیت لیا، فرانس کی میلینی گائوبل کو چاندی جبکہ جنوبی کوریا کی گیونگ لی این نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ایتھلیٹکس ایونٹ کے مینز 200 میٹر اسٹیپ لیشز میں ایتھوپیا کے سیباسی ویگونے پہلے نمبر پر رہے، کینیا کے ایموس کیروئی نے نقرئی کا تمغہ جیتا، مراکشی ایتھلیٹ ہچمین نے برانز میڈل پر ہاتھ صاف کیا۔

مینز 400 میٹر ہرڈلز میں چین کے ژیانگ ژو نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرلیا، تیونس کے محمد فاریس جلیسی نے سلور جبکہ فرانس کے وکٹر کورولر نے برانز میڈل پایا۔مینز 800 میٹر ریس میں امریکا کے مائلز مارشل نے گولڈ، یوگینڈا کے جیفری بیلومیٹی نے سلور جبکہ ایتھوپیا کے مورکا نے برانز میڈل جیتا۔مینز جیولن تھرو میں فرانس کے لوکاس موٹریڈ نے سونے، رومانیہ کے میتھیا الیگزینڈر نے چاندی جبکہ ہنگری کے زیویئر مارک نے کانسی کاتمغہ اپنے نام کیا۔

مینز پول ویلٹ میں اسپین کے نوئل والویٹا ڈیل کیرو نے گولڈ، روس کے ولادیمیر شیبراکوف نے سلور جبکہ عراق کے منتادر عبداللہ نے برانز میڈل قبضے میں کرلیا، مینز ٹرپل جمپ میں سورینام کے میگوئل وان ایسین نے طلائی، اٹلی کے ٹوبیا بوچی نے نقرئی اور آذربائیجان کے ناظم بیبایوف نے کانسی کا میڈل پایا، ویمنز 1500 میٹر ریس میں ایتھوپیا کی ٹیسفیا کوکیب الیمو نے گولڈ، کینیا کے ونفرائیڈ میتھائب نے سلور اور بحرین کی ڈیلیا گوسا نے برانز میڈل لیا، ویمنز400 میٹر ہرڈلز میں جنوبی افریقہ کی گیزیلی میگرمین نے میدان مارلیا، سلواکین ایتھلیٹ مچیلا پیسکووا سلور میڈل کی حقدار بنیں۔

ڈنمارک کی صوفیہ اینی نے برانز میڈل جیتا۔ڈائیونگ کے ویمنز 3 میٹر اسپرنگ بورڈ میں چین کی شینگ گوپنگ وو نے طلائی تمغہ حاصل کرلیا، یوکرین کی گینا کرینشول دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ ملائیشیا کی ژیائی لو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ہینڈبال ویمنز ایونٹ میں کوریا نے گولڈ، روس نے سلور جبکہ سوئیڈن نے برانز میڈل لیا، ریسلنگ میں مینز گریکو رومن 42 کے جی میں شمالی کوریا کے سوئنگ ریو نے طلائی، ترکی کے فاتح ایسلان نے نقرئی جبکہ یوکرین کے اولیسکی نے کانسی کا تمغہ پایا۔