خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارشیں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

دیر بالا اور لوئر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی


ویب ڈیسک August 23, 2026

پشاور:

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، چترال، بٹگرام اور بونیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ہنگو، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، کرک اور بنوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

موسمیاتی حکام کا کہنا ہے کہ ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر پیر کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم سوات، کوہستان، بٹگرام، شانگلہ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے۔

دوسری جانب دیر بالا اور دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جبکہ دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ پاتراک کوہستان سے وادی کمراٹ تک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور متعدد مقامات پر سڑکیں سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہو گئی ہیں۔

وادی کمراٹ روڈ پاتراک کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے باعث چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ سیاح اور مسافر بھی راستوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

گولدائی کوہستان اور ڈوگ درہ میں بھی سڑکیں متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں تاحال امدادی سرگرمیاں شروع نہ ہو سکیں جبکہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔