انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ؛ پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں پر غور، بابر اعظم کی واپسی کا امکان

بابر اعظم پریکٹس میچ کے دوران انجری کے باعث سیریز کا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے


ویب ڈیسک August 23, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں 27 اگست سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں واپسی کا امکان ہے۔

بابر اعظم پریکٹس میچ کے دوران انجری کے باعث سیریز کا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ ٹیم مینجمنٹ بابر سمیت پلیئنگ الیون میں چند تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے، تاہم حتمی ٹیم کا فیصلہ پچ اور کنڈیشنز کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

فٹنس کلیئرنس کی صورت میں بابر اعظم کی واپسی پر اذان اویس کو ٹیم سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بھی دوسرے ٹیسٹ میں آرام دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پچ خشک ہونے اور اسپن کے لیے سازگار ہونے کی صورت میں پاکستان دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتا ہے جبکہ فاسٹ بولر عبید شاہ بھی پلیئنگ الیون میں شمولیت کے امیدواروں میں شامل ہیں۔

انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔