سابق چائلڈ اسٹار کا ڈزنی پر سنگین الزام؛ 14 سال کی عمر میں جنسی زیادتی کے خلاف مقدمہ دائر

پروڈکشن سے وابستہ بالغ افراد نے ان کے رویے واضح تبدیلیاں محسوس کیں مگر کمپنی نے معاملے کی تحقیقات نہیں کیں۔


ویب ڈیسک August 24, 2026

سابق ڈزنی چائلڈ اسٹار راکیل لی بولیو نے الزام عائد کیا ہے کہ 14 سال کی عمر میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک سابق ڈزنی ملازم نے انہیں متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ کمپنی نے مبینہ طور پر صورتحال کے واضح اشاروں کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔

اداکارہ نے والٹ ڈزنی کمپنی کے خلاف لاس اینجلس کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں سول نیگلیجنس مقدمہ دائر کیا۔

راکیل کے مطابق 2001 میں ڈزنی چینل کی فلم ’دی پوف پوانٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک درمیانی عمر کے مرد ملازم نے انہیں مبینہ طور پر شراب فراہم کی اور سالٹ لیک سٹی میں قیام کے دوران کئی مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ایک واقعہ کیلیفورنیا واپسی کی پرواز کے دوران بھی پیش آیا۔

اداکارہ نے مقدمے میں دعویٰ کیا کہ پروڈکشن سے وابستہ بالغ افراد نے ان کے رویے اور کارکردگی میں واضح تبدیلیاں محسوس کیں حتیٰ کہ وہ بیمار اور نشے کی حالت میں بھی دکھائی دیتی تھیں، مگر کمپنی نے معاملے کی تحقیقات نہیں کیں۔

راکیل کا الزام ہے کہ اس کے برعکس انہیں ہی ’آؤٹ آف کنٹرول‘ قرار دیا گیا اور ان کا ایک اور متوقع کردار بھی منسوخ کر دیا گیا۔

راکیل لی بولیو نے مبینہ معاشی نقصان، ذہنی و جذباتی تکلیف، قانونی اخراجات اور تعزیری ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم مجموعی رقم کی وضاحت نہیں کی گئی۔

ڈزنی کی جانب سے فوری طور پر اس مقدمے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔