امریکی گولف کانٹینٹ کمپنی گڈ گڈ نے نئے گولف ڈرائیور کے متنازع اشتہار پر معذرت کرتے ہوئے اسے اپنے تمام پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا ہے۔
اشتہار میں ایک خاتون گولفر کو گولف کلب لینے کی کوشش پر زمین پر گراتے ہوئے دکھایا گیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
یوٹیوب پر لاکھوں سبسکرائبرز رکھنے والی کمپنی گڈ گڈ گولف کی دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ یہ اشتہار گولف کلب بنانے والی کمپنی کالاوے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
ویڈیو میں گڈ گڈ کے شریک بانی گیریٹ کلارک کو پروفیشنل گولفر الیکسس میسٹووسکی کی جانب تیزی سے بڑھتے اور انہیں زمین پر گراتے ہوئے دکھایا گیا جس کے بعد وہ اپنے نئے ڈرائیور کو ہاتھ نہ لگانے کا کہتے ہیں۔
گڈ گڈ نے اعتراف کیا کہ ویڈیو میں دکھائے گئے مناظر کمپنی کی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے اور کہا کہ وہ گولف کو سب کے لیے زیادہ جامع کھیل بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
کالاوے نے بھی اشتہار پر مایوسی کا اظہار کیا جبکہ پی جی اے ٹور نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی قسم کے تشدد کی حمایت نہیں کرتا اور یہ ویڈیو اس کی اقدار کی نمائندگی نہیں کرتی۔