لاہور:
پاکستان ریلوے نے کراچی سے روہڑی سیکشن پر ایم ایل ون اَپ گریڈیشن کے دوران مسافر اور مال گاڑیوں کے آپریشن کے لیے عارضی پلان تیار کر لیا ہے۔
کراچی تا روہڑی ریلوے ٹریک کی اَپ گریڈیشن کی جائے گی اور ٹریک پر جلد کام شروع کرنے کے لیے پلان تیار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹریک کی اَپ گریڈیشن اور ٹرین آپریشن کے حوالے سے مختلف تجاویز تیار کر لی گئیں۔
تجاویز کے مطابق اَپ گریڈیشن کا کام کراچی اور روہڑی کے درمیان 5 سے 6 مقامات پر بیک وقت کیا جائے گا، ہر ورک سیکشن تقریباً 60 کلو میٹر پر مشتمل ہوگا۔
ورک سیکشن میں ٹرینوں کی رفتار 45 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی اور دن میں 8 سے 10 گھنٹے دونوں ٹریکس بند رہیں گے۔
اسی طرح اَپ گریڈیشن کے دوران روزانہ صرف 4 مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی جن میں ایک پشاور، دو راولپنڈی اور ایک لاہور کی ٹرین شامل ہے۔ علاوہ ازیں، 8 مال گاڑیاں بھی چلیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سنگل لائن آپریشن کی وجہ سے کراچی سے روہڑی کے درمیان سفر کا دورانیہ تقریباً 5 سے 10 گھنٹے تک بڑھ جائے گا۔