راجر فیڈرر کی یو ایس اوپن میں واپسی، مداحوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا

راجر فیڈرر نے 2004 سے 2008 تک مسلسل پانچ یو ایس اوپن ٹائٹلز جیتے جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ ہے


اسپورٹس ڈیسک August 24, 2026

ٹینس کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر ریٹائرمنٹ کے چار سال بعد یو ایس اوپن میں خصوصی شرکت کے لیے نیویارک واپس آرہے ہیں۔

20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن 25 اگست کو فین ویک کے دوران آرتھر ایش اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کھیلیں گے۔

فیڈرر پہلے اپنے سابق حریف اینڈی راڈک کے خلاف ایک سیٹ پر مشتمل سنگلز مقابلے میں حصہ لیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر فیصلہ کن پوائنٹ کے ذریعے فاتح کا تعین کیا جائے گا۔

اس کے بعد وہ جان میک اینرو کے ساتھ ڈبلز میچ میں راڈک اور آندرے اگاسی کا سامنا کریں گے۔

فیڈرر اور راڈک اپنے کیریئر میں 24 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئے جن میں سوئس اسٹار نے 21 کامیابیاں حاصل کیں۔

فیڈرر نے 2004 سے 2008 تک مسلسل پانچ یو ایس اوپن ٹائٹلز جیتے جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ ہے۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں یو ایس اوپن میں شرکت کی تھی۔

فیڈرر نے نیویارک واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرانی یادوں میں مزید خوبصورت لمحات کا اضافہ کرنے کے منتظر ہیں۔