کراچی:
سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ افتتاح مہمانان خصوصی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور سیکریٹری کھیل منورعلی مہیسر نے کردیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی علی راشد، رکن سندھ اسمبلی صائمہ آغا، ڈائریکٹر اسپورٹس اسد اسحاق، احمر اعظم، ولید حارث رانا اوردیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں کھیلوں، تعلیم، ٹیکنالوجی اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا اہم حصہ ہے، سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ نوجوانوں کے لیے فخر اور بہترین موقع ہے،نیکسورا ’دی نیکسٹ ایرا آف چیمپئنز کا مقصد نوجوانوں کو پیشہ ورانہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کو روایتی کھیلوں کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور ای اسپورٹس میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع دے رہی ہے،ای اسپورٹس نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔
سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ میں سندھ بھر سے 1000 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، چیمپئن شپ کے فاتحین کے لیے 30 لاکھ روپے کی انعامی رقم مقرر کی گئی ہے۔
ای اسپورٹس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا، چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈز کراچی کی مختلف جامعات میں ہوں گے،گرینڈ فائنل اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگا،صوبے بھر میں جدید کھیلوں کی سہولیات اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی فراہمی جاری ہے،مختلف کھیلوں کے ایونٹس، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز اور کھلاڑیوں کی معاونت جاری ہے۔
وزیرکھیل سردار محمد بخش خان مہر کی قیادت میں محکمہ کھیل سندھ بھر میں سال بھر کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کر رہا ہے،گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،سندھ کے باصلاحیت باکسرز اور جوجٹسو کھلاڑیوں نے قومی و بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کیا ہے،کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
محکمہ کھیل، نیکسورا ٹیم، جامعات، پارٹنرز، اسپانسرز اور نوجوان گیمرز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں،سندھ میں نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے سے بڑا ٹیلینٹ موجود ہے،کھیلوں کی سہولیات کے لیے منصوبہ تیار کیا گیا ہے، بعدازاں قومی سطح کی چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 24 باکسرز، جوجٹسو کھلاڑیوں اور کوچز کو شیلڈز پیش کی گئیں۔