امریکا میں ساحل پر چٹان سے تیز رفتار گاڑی سمندر میں جاگری؛ بھارتی نژاد طالبہ ہلاک

بھارتی نژاد 19 سالہ طالبہ کیساتھ گاڑی میں اس کا دوست بھی تھا


ویب ڈیسک August 24, 2026
بھارتی طالبہ اپنے دوست کے ساتھ گاڑی سمیت سمندر میں جاگری

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چٹان سے گاڑی سمندر میں جا گرنے کے نتیجے میں بھارتی نژاد 19 سالہ طالبہ الی رینی سنگھ ہلاک ہوگئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ 13 اپریل کو سانتا کروز میں معروف اسٹیمر لین سرف بریک کے قریب پیش آیا جہاں ویسٹ کلف ڈرائیو کا ساحلی حصہ مسلسل کٹاؤ کے باعث شدید متاثر ہوچکا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گاڑی سمندر کے قریب چٹانی ساحل سے گر کر سمندر میں ڈوب گئی۔ حادثے کے وقت گاڑی میں دو افراد سوار تھے جن میں سے ایک نوجوان گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ چار پیشہ ور غوطہ خوروں نے سمندر میں ڈوبی گاڑی تک پہنچ کر 19 سالہ لڑکی کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

نوجوان طالبہ کی شناخت الی رینی سنگھ کے نام سے ہوئی جو یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سانتا کروز میں نفسیات کی طالبہ تھیں اور جون 2024 میں یونیورسٹی کے جان آر لیوس کالج کمیونٹی سے وابستہ ہوئی تھیں۔

سانتا کروز کے پہاڑی علاقے میں جون میں بھی ایک المناک حادثہ پیش آیا تھا جب ایک گاڑی بے قابو ہوکر تقریباً 400 فٹ گہری ڈھلوان سے نیچے جا گری تھی اور اس میں سوار تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

حادثے کے بعد ویسٹ کلف ڈرائیو کے حصے میں حفاظتی اقدامات اور مسلسل ساحلی کٹاؤ پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سمندری لہروں اور زمین کے کٹاؤ کے باعث سڑک اور چٹان کے کنارے کے درمیان فاصلہ مسلسل کم ہورہا ہے۔