یو ایس اوپن میں سیمونا اور ریڈ وانسکا نے پہلا مرحلہ عبور کر لیا

ووزینک اور یانیا وکمائر ابتدا ہی میں حوصلہ ہارگئیں، اینجلیک کیربر ،کرومی نارا اور لوسیاسفارووا نے دوسرے راؤنڈ میں۔۔۔


Sports Desk August 26, 2014
یو ایس اوپن: رومانیہ کی سیمونا ہالیپ پہلے راؤنڈ میں امریکی حریف ڈینیلی روز کولنز کیخلاف ریٹرن شاٹ کھیلنے کیلیے تیار، انھوں نے یہ مقابلہ جیت لیا ۔ فوٹو : فائل

یوایس اوپن میں سیمونا ہالیپ اور اگنیسکا ریڈوانسکا نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا۔

الیکسینڈرا ووزینک اور یانیا وکمائر ابتدا ہی میں حوصلہ ہارگئیں، مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کی عدم شرکت پر جوکووک اور راجرفیڈرر بھی فیورٹ میں شمار کیے جارہے ہیں، ویمنز میں سرینا ولیمز ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلیے پراعتماد ہیں، وہ منگل کو ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یوایس اوپن کے افتتاحی میچز میں سیکنڈ سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے امریکی حریف ڈینیلی روز کولنزکو 6-7، 6-1 اور 6-2 سے مات دے دی، فورتھ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے کینیڈا کی شیرون فنچمین کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-1 اور 6-0 سے پچھاڑ کر دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی، آندریا پیٹکووک نے اونس جیبور کو 7-6،1-6 اور6-3 سے قابو کیا، الیکسینڈرا ووزینک کو جاپان کی کرومی نارا نے 6-2 اور 6-1 سے ٹھکانے لگادیا۔

بیلجین اسٹار یانیا وکمائر کو سوئس پلیئر بیلینڈا بینسک نے 6-3 اور 6-2 سے رخصت کردیا، اینجلیک کیربر نے روس کی کسینیا پاروک کو زبردست مقابلے کے بعد 6-2، 3-6 اور 7-5 سے زیر کرلیا، لوسیا سفارووا نے ٹیمیا بابوس کو 6-4 اور 7-5 سے مات دی۔ مینز سنگلز میں اطالوی کھلاڑی آندریس سیپی نے سرگئی اسٹاکہوسکی کو 6-3، 6-1 اور 6-4 سے شکست دے دی، البرٹ مونتانیز کے ریٹائرہونے پر لیونارڈو مائر اگلے مرحلے میں پہنچ گئے، ان کے انجرڈ ہونے پر میچ کا اسکور 6-2 اور 3-0 رہا۔